التماس سورہ فاتحہ برائے والد بزرگوار،جملہ مومنین و مومنات،شھداۓ ملت جعفریہ ، خصوصاً وہ جن کا کوئی سورہ فاتحہ پڑھنے والا نہ ہو۔ یہاں کلک کریں

Search Suggest

علم کی عظمت (قرآن مجید میں)



اس میں کوئی شک نہیں کہ نعمت ِ وجود کے بعد خزانہ ٔ وحدت میں علم سے بڑھ کر اور کوئی نعمت نہیں، جبھی تو تمام انبیا ٔ علیہم السلام کو اس نعمت سے نواز کر مبعوث فرمایا گیا، حضرت آدم ؑ کو خلعت علم سے آراستہ فرما کر ملائکہ کہ گردنیں جھکا دیں جس سے انہیں آدم ؑ کی فضیلت کے اعتراف پر مجبور ہونا پڑا، طالوت اور جالوت کے قصہ میں معیارِ خلافت ِ الٰہیہ۔۔ علم کو قرار دیا گیا، حتی کہ حضرت رسالتمآب کو باوجودیکہ نعمات ِالٰہیہ کے جامع تھے بلکہ تمام کائنات کیلئے ان کا مقدس وجود سرچشمۂ نعمات تھا تاہم ذات اَحدیت نے ان کو بھی اپنی بارگاہ سے طلب علم پر مأمور فرمایا چنانچہ ارشاد فرمایا:
 قُلْ رَبِّ زِدْنِیْ عِلْماً۔
حضرت امیرالمومنین علی ابن ابیطالب ؑ مقام افتخار میں نعمت ِ علم ہی کو پیش فرمایا کرتے تھے، چنانچہ آپ ؑ کی طرف منسوب شدہ اشعار میں ہے کہ آپ ؑ فرماتے ہیں:
رَضِیْنَا قِسْمَۃَ الْجَبَّارِ فِیْنَا
لَنَا عِلْمٌ وَلِلاَعْدَائِ مَالُ
ہم اللہ کی تقسیم پر راضی ہیں کہ ہمیں علم اور دشمنوں کو مال ملا۔
فَاِنَّ الْمَالَ یَفْنِیْ عَنِ الْقَرِیْبِ
وَاِنَّ الْعِلْمَ یَبْقٰی لا یَزَالُ
کیونکہ مال عنقریب فنا ہو جائے گا اور علم باقی اور غیر فانی ہے۔
علامہ زین الدین عاملی (شہید ثانی) قدس روحہ کتاب منیۃ المرید میں قرآنی اقتباسات سے فضیلت علم کو ثابت کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں جس کا ماحصل یہ ہے کہ خداوند عالم نے علمأ کو تمام ماسوا ٔپر فوقیت مرحمت فرمائی ہے، چنانچہ فرماتا ہے:  ھَلْ یَسْتَوِی الَّذِیْنَ یَعْلَمُوْنَ وَالَّذِیْنَ لا یَعْلَمُوْن
کیا برابر ہیں وہ لوگ جو علم رکھتے ہیں ساتھ ان لوگوں کے جو علم نہیں رکھتے؟ یہ استفہام انکاری ہے یعنی برابر نہیں بلکہ عالم جاہل سے افضل ہے۔
اس کے علاوہ خداوند کریم نے اپنی پاک کتاب میں کئی چیزوں کے تقابل کا ذکر فرمایا، مثلاً خبیث و طیب، نابینا و بینا، ظلمت و نور، جنت ونار، اور سایہ ودھوپ، لیکن اگر نظر غائر سے ان کی تفسیر کا جائزہ لیا جائے تو نتیجہ علم و جہل ہی نکلتا ہے، یعنی عالم کو طیب، بینا، نور، جنت اور ظل کے لفظوں سے یاد کیا گیا ہے اور اس کے مقابلہ میں جاہل کو خبیث، نابینا، ظلمت، نار اور حرور سے تعبیر کیا گیا ہے۔
بعض آیات میں خداوند کریم نے صاحبانِ علم کو اپنے اور ملائکہ کے ذکر کے ساتھ یاد فرمایا، چنانچہ فرماتا ہے:
 شَھِدَ اللّٰہُ اَنَّہُ لا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ وَالْمَلائِکَۃُ وَاُوْلُوْ الْعِلْمِ
اللہ شاہد ہے کہ تحقیق اسکے علاوہ اور کوئی بھی لائق عبادت نہیں اور ملائکہ اور صاحبان علم (یہ بھی شاہد ہیں)
نیز قرآن مجید میں چار قسموں کے لئے درجات کا تذکرہ فرمایا ہے: ۱۔۔ اہل بدر  ۲۔۔ مجاہدین  ۳۔۔ صالحین  ۴۔۔ علمأ
اہل بدر کے متعلق فرمایا: اِنَّمَا الْمُوْمِنُوْنَ الَّذِیْنَ اِذَا ذُکِرَ اللّٰہ وَجِلَتْ قُلُوْبُھُمْ الیٰ قولہٖ لَھُمْ دَرَجَاتٌ  سوائے اس کے نہیں کہ مومن وہی لوگ ہیں کہ جب اللہ کا ذکر آئے تو ان کے دل تڑپ جائیں (یہاں تک کہ فرمایا) انہی کے لئے درجات ہیں۔
مجاہدین کے لئے فرمایا: فَضَّلَ اللّٰہُ الْمُجَاہِدِیْنَ عَلٰی الْقَائِدِیْن الآیہ اللہ تعالیٰ نے مجاہدین (جہاد کرنے والوں کو) بیٹھے رہنے والوں پر بدرجہا فضیلت کرامت فرمائی۔
صالحین کے بارے میں ارشاد فرمایا: مَنْ یَاتِہٖ مُوْمِنًا قَدْ عَمِلَ الصَّالِحَاتِ فَاُوْلٰیئِکَ لَھُمْ الدَّرَجَاتُ الْعُلٰی جو اللہ کے پاس مومن صالح ہو کر آئے گا پس ان کے لئے ہی بلند درجات ہوں گے۔
علمأ کے حق میں خطاب فرمایا: یَرْفَعُ اللّٰہُ الَّذِیْنَ آمَنُوْا مِنْکُمْ وَالَّذِیْنَ اُوْتُوْالْعِلْم دَرَجَاتٌ یعنی وہ لوگ جو ایمان لائے ہیں اور وہ لوگ جن کو علم عطا کیا گیا ہے خدا وند اُن کے درجات کو بلند فرماتا ہے۔
نیز خداوند کریم نے علمأ کو پانچ اوصافِ حمیدہ سے ملقب فرمایا ہے:
۱۔۔۔ ایمان:  وَالرَّاسِخُوْنَ فِیْ الْعِلْمِ یَقُوْلُوْنَ آمَنَّا  یعنی راسخ فی العلم کہتے ہیں کہ ہم ایمان لائے۔
۲۔۔۔ توحید:  شَہِدَ اللّٰہُ اَنَّہُ لا اِلٰـہَ اِلاَّ ہُوَ وَالْمَلائِکَۃُ وَ اُوْلُوْا لْعِلْم یعنی اللہ تعالیٰ اپنی توحید کا شاہد ہے اور فرشتے اور علمأ۔
۳۔۔۔بکأ و حزن: اِنَّ الَّذِیْنَ اُوْتُوْ الْعِلْمَ الیٰ قولہٖ یَخِرُّوْنَ لِلاَذْقَان الآیہ  یعنی تحقیق وہ لوگ جو علم دئیے گئے ہیں وہ خدا کے سامنے سجدہ میں جھک جاتے ہیں۔
۴۔۔۔ خشوع:  چنانچہ آیت گذشتہ اس پر دلالت کرتی ہے۔
۵۔۔۔ خشیہ:  اِنَّمَا یَخْشٰی اللّٰہُ مِنْ عِبَادِہٖ الْعُلَمَائُ یعنی خدا سے اس کے بندوں میں سے صرف علمأ ہی ڈرتے ہیں۔
شہید ثانی کے بیان کو میں نے اختصار سے ذکر کیا اگر فضیلت علم پر دلالت کرنے والی تمام آیات کو جمع کیا جائے تو طول ہو جائے گا، اس مقام پر تبرکاً و تیمّناً جو کچھ ذکر کر دیا گیا ہے کافی ہے۔
 جب آیاتِ متذکرہ سے علم کے فضل و کمال کو واضح کر دیا تو علم کی تحصیل کا وجوب از روئے عقل و نقل ثابت ہے، عقلاً اس لئے کہ ہر کمال کا حاصل کرنا یا اس کے حصول کی کوشش کرنا انسان کا عقلی فریضہ ہے اور علم بھی چونکہ کمال ہے لہذا اس کا طلب کرنا بھی عقلی فریضہ ہے، قرآن مجید اس کا صریح طور پر یوں تذکرہ فرماتا ہے: لَوْ لا نَفَرٌ مِنْ کُلِّ فِرْقَۃٍ مِّنْھُمْ طَائِفَۃٌ لِیَتَفَقَّھُوْا فِی الِّدِیْن الآیہ (پ ۱۱ رکوع ۴) جس کا مرادی معنی یہ ہے کہ علوم فقہیہ دینیہ کے حاصل کرنے کے لئے ہر قوم سے ایک ایک گروہ کیوں نہیں سفر کرتا؟گویا پورے ملک میں صرف ایک آدمی کے فقیہ ہونے پر کفایت کرنا تو بجائے خود، ایک قوم کے لئے بھی ایک فقیہ کو کافی نہیں قرار دیا گیا بلکہ ہر قوم میں متعدد فقہأ کی ضرورت کو واضح کیا گیا ہے جو قوم کے دینی مسائل حل کریں اور فرائض تبلیغ انجام دیں اور ہر قوم پر واجب ہے کہ ان سے مسائل دینیہ کا حل طلب کریں اور انہیں فرائض تبلیغ کے انجام دینے کا موقعہ دیں۔
یہ عمومی حکم صرف اس لئے دیا گیا ہے تاکہ عوام کو مسائل دینیہ کے حاصل کرنے میں کوئی دقت نہ رہے، اگر ایک ملک میں صرف ایک ہی فقیہ ہو تو ظاہر ہے کہ تمام ملکی عوام اس سے کما حقہ ٗ استفادہ نہیں کر سکتے، بعض اوقات بعض ایسے ضروری مسائل درپیش ہو جاتے ہیں جو مطبوعہ رسائل و عملیات میں نہیں ملتے، تو دریں صورت فقیہ کی طرف رجوع کرنے کے علاوہ انکا حل مشکل ہو جاتا ہے، اگر صرف ایک ہی فقیہ پورے ملک میں ہو تو نہ سب عوام مطمئن ہو سکتے ہیں اور نہ فقیہ خود اپنے فرائض سے عہدہ بر آ ہو سکتا ہے، بخلاف اسکے اگر ہر قوم میں ایک ایک فقیہ ہو تو پہلی صورت سے اس میں کافی آسانی ہے لیکن اگر ہر قوم میں متعدد فقہأ موجود ہوں تو کسی وقت بھی کسی دشواری کا پیش آنا ناممکن ہے۔
اسی نکتہ کے پیش نظر خداوند علیم و حکیم نے شریعت کو سہلہ قرار دیتے ہوئے ہر قوم میں متعدد فقہأ پیدا کرنے کا حکم دیا تاکہ احکام شرعیہ کے سیکھنے میں کوئی فرد ِبشر نارسائی کا شکوہ نہ کر سکے۔
اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ مجتہدِ اعلم کی تقلید واجب نہیں بلکہ ہر مجتہد جامع الشرائط کی تقلید ہو سکتی ہے اس مسئلہ کو ہم تفصیل کے ساتھ زیر عنوان ’’ قرآن و تقلید‘‘ بیان کریں گے۔