التماس سورہ فاتحہ برائے والد بزرگوار،جملہ مومنین و مومنات،شھداۓ ملت جعفریہ ، خصوصاً وہ جن کا کوئی سورہ فاتحہ پڑھنے والا نہ ہو۔ یہاں کلک کریں

Search Suggest

عقیدہ قیامت

شیعان علی قیامت کے دن پر ایمان رکھتے ہیں وہ دن حساب کا ہے کہ تمام جن و انسان دوبارہ زندہ ہو کر اللہ کے سامنے پیش ہوں گے اور ان سے ذرہ ذرہ کا حساب لیا جائے گا نیکوں کو جزا اور بروں کو سزا ملے گی حضرت رسولؐ اللہ نے قیامت کے متعلق جن امور کی خبر دی ہے یا قرآن مجید میں جن امور کا تذکرہ ہے شیعان علی ان سب کو حق مانتے ہیں پس حشر و نشر حساب صراط لواء الحمد کوثر اور جنت و جہنم سب کا ہونا حق اور صحیح ہے اور شفاعت پر بھی شیعان علی کا ایمان ہے کہ مستحقین شفاعت کی شفاعت ہو گی حضرت محمد مصطفٰی اور ان کی آل امجاد اور بعض مخلص مومن بھی شفاعت کریں گے اور نیک نصیب لوگ ان کی شفاعت کی بدولت عذاب جہنم سے نکل کر جنت میں داخل ہوں گے ۔

اسی طرح ملائکہ ، جنات ارواح لوح و قلم ، عرش و کرسی ، رحجابات و سر اوقات، معجزات و کرامات و وحی والہام و سوال منکر و نکیر و فشار قبر و قرآن مجید و جملہ کتب سماویہ و صحف نازلہ اس طرح جملہ احکام شرعیہ واجبہ و مکروہہ و مسنونہ و مباحہ غرضیکہ جو باتیں حضور رسول اللہ نے پہنچائیں اور جس طرح پہنچائیں شیعان علی سب کو اسی طرح مانتے ہیں جس طرح حضورؐ نے ماننے کا حکم دیا اور جن امور کا ثبوت شریعت میں ضروری ہے ان کا انکار کفر والحاد ہے پس عبادت، معاملات، عقود اور تعزیرات کے معاملہ میں حضور کی ہدایات اور فرمائشات واجب الاذعان اور واجب العمل ہیں ان کی مخالفت فسق اور انکار کفر ہے عقائد شیعہ پر مفصل و مدلل بیان ہماری کتاب لمعۃ الانوار فی عقائد الابرار میں پڑھئے۔


ایک تبصرہ شائع کریں